اسلام آباد : سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ پاکستانی حکام سے سرمایہ کاری کے مواقع پر بات ہوئی، ہم دورہ پاکستان پر شاندار استقبال کیلئے مشکورہیں۔
سعودی وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں اسحاق ڈارکے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام سے سرمایہ کاری کے مواقع پر بات ہوئی، ہم دورہ پاکستان پر شاندار استقبال کیلئے مشکورہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکام سے تعمیری گفتگو ہوئی، جلد پاکستان میں سرمایہ کاری میں پیشرفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان ہمارے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہم دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری بڑھائیں گے اور پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کروائے، ہمیں اپنے خطے میں مزید کسی لڑائی کی ضرورت نہیں ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ غزہ میں 33 ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں، غزہ میں بھوک اور افلاس ہے، بین الاقوامی سسٹم مکمل طور پر فیل ہوچکا ہے، غزہ میں امدادی سامان روکنے کی کوئی وجہ نہیں ہونی چاہئے، عالمی برادری اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی۔
انہوں نے کہاکہ غزہ پر دنیا کا دوہرا معیار سب کے سامنے ہے، جنگ بندی کیلئے تمام کوششیں بےسود رہی ہیں، فلسطین میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، عالمی برادری کو جاگنا چاہئے۔