اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پارلیمان میں مداخلت کرے گی تو ان کی حدودمیں بھی تجاوز ہوگا۔ پارلیمان کی قانون سازی کا حق تسلیم نہیں کرناتو الیکشن کا مذاق بھی ختم کریں۔
اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ پارلیمان سپریم کورٹ کے فیصلے کو ماننے سے انکار کرسکتی ہے۔ پارلیمان کو سرنگوں کرنے کے رویے کے خطرناک نتائج ہوں گے ۔چیف جسٹس اداروں میں ٹکراؤ کے ماحول میں کمی لائیں۔ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ فل کورٹ بنانے میں کیا قباحت ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عدلیہ کو پارلیمان سے جواب الجواب نہیں دیاجاناچاہئے۔حکومت کو بھی ہٹ دھرمی ترک کرنی چاہئے۔سیاستدان بیٹھ کر انتخابات پر بات کریں ۔انتخابات 2 ماہ بعد یا پہلے کا مسئلہ نہیں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ انتخابات شفاف اور پرامن ہوں ۔آرمی چیف نے آئین سے وابستگی،پارلیمان کی سربلندی پر یقین کا اظہار کیا۔ خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں کوئی نیا فوجی آپریشن نہیں ہورہا ۔ دہشتگردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی ۔