شہباز شریف کے وزیر اعظم بنتے ہی محمد بن سلمان کا اہم پیغام آگیا 

شہباز شریف کے وزیر اعظم بنتے ہی محمد بن سلمان کا اہم پیغام آگیا 

 اسلام آباد:سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کوفو ن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمہ وقت پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلی فون کیا، اور پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی، وزیراعظم نے مبارکباد پر ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا، اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور مزید مستحکم کرنے کے لیے مملکت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر شہبازشریف کو پرتپاک مبارک دی، اور وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر پُر جوش نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام دیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے بھی سعودی ولی عہد کی طرف سے تہنیت پر شکریہ ادا کیا، اور سعودی عرب کے ساتھ گہرے مراسم استوار کرتے ہوئے کام کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

 اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اپنی بصیرت افروز قیادت میں سعودی عرب میں ترقی پر ہدیہ تبریک پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان استوار برادرانہ تاریخی تعلقات جو گزشتہ سات دہائیوں پر محیط اسٹرٹیجک تعلقات کا طرہ امتیاز رہے ہیں۔ 

وزیراعظم نے ان تعلقات کو نئی بلندیوں اور رفعتوں سے ہمکنار کرنے کے اپنی حکومت اور اپنے ذاتی پختہ عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے دوطرفہ اور عالمی فورمز کی سطح پر تاریخی حمایت اور مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ جب کہ سعودی ولی عہد نے یقین دلایا کہ سعودی عرب ہمہ وقت پاکستان کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا۔