اسلام آباد: ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں اور ان کا استعفیٰ سیکرٹری قومی اسمبلی کے دفتر کو موصول ہو گیا ہے۔
قاسم خان سوری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بطور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اپنے استعفے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’قومی اسمبلی سے استعفیٰ میری پارٹی کے ویژن، اس کی شاندار وراثت اور جمہوریت کے ساتھ اس کی وابستگی کی علامت ہے، پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ملکی مفادات اور آزادی کیلئے لڑیں گے اور پاکستان کے تحفظ کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔‘
واضح رہے کہ آج پینل آف چیئر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر خفیہ ووٹنگ کی جانا تھی جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے استعفے کے بعد نئے سپیکر کا انتخاب بھی ایجنڈے میں شامل ہے اور پرویز اشرف بلامقابلہ سپیکر منتخب ہو چکے ہیں جو آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
قومی اسمبلی سیکرٹری کے مطابق راجہ پرویز اشرف کے سپیکر منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن آج ہی جاری کیا جائے گا تاہم اس سے پہلے اجلاس کی صدارت کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءسردار ایاز صادق سے درخواست کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ قاسم سوری نے 9 اپریل کو اجلاس 16 اپریل تک ملتوی کیا تھا جس کے بعد تاریخ بدل کر 22 اپریل کردی تھی تاہم وزیراعظم شہباز شریف کے توجہ دلانے پر اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس 16 اپریل کے مقررہ وقت پر بلوایا۔