کراچی ، سندھ حکومت نے صوبے میں 10 اہم مقامات پر احتجاج کی پابندی میں مزید 60 روز کی توسیع کردی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایاگیا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر کے ہائی ویز، اہم شاہراہوں، ریلوے اسٹیشنز یا اطراف میں دھرنے اور ریلی پر پابندی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق مرکزی شاہراہوں پر بھی احتجاج پر پابندی ہے جبکہ ایئرپورٹ اور اسپتال جانے والی شاہراہوں پر بھی کسی کو احتجاج کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق یونیورسٹی روڈ کراچی پر بھی کسی بھی قسم کے احتجاج یا ریلی پر پابندی ہوگی۔ نوٹی فکیشن آئندہ 60 روز کے لیے نافذ العمل ہوگا۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے 17 فروری کو شہر قائد کی اہم شاہراہوں اور مقامات پر احتجاج کرنے پر پابندی عائد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ صوبے کے 19 مختلف مقامات پر احتجاج پر پابندی کا اطلاق فی الفور ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ ریلوے اسٹینشز ، ریلوے لائنز، کراچی کے ماڑی پور روڈ، کورنگی صنعتی شاہراہ (انڈسٹریل روڈ)، پاکستان ایئرفورس روڈ (پی اے ایف روڈ) پر احتجاج پر پابندی ہوگی۔