سینچورین: پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف فیصلہ کن ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے چار میچوں کی سیریز بھی 3-1 سے اپنے نام کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپر سپورٹ پارک سینچورین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 144 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور جنوبی افریقہ کے 8 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔
پروٹیز کی جانب سے ریسی وینڈرڈوسن 52 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں یانامن ملان 33، ایڈن مارکرم 11، ہینرچ کلاسن 9، جارج لینڈے 3، ویان مولڈر 6، اینڈیل فیلوک وائیو 1، سیساندا مگالا 7، بورن فورچون 8 اور لیزاڈ ولیمز 2 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 17 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور حسن علی نے 4 اوورز میں 40 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف نے 2، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر محمد رضوان بغیر کوئی سکور بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد کپتان بابراعظم اور فخر زمان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 91 رنز جوڑ کر جیت کی بنیاد رکھ دی۔ فخر زمان نے 34 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی اور بابراعظم 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دونوں کے پویلین لوٹنے کے بعد پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور جیت جنوبی افریقہ کے حصے میں جاتی نظر آنے لگی تاہم محمد نواز اور حسن علی نے محتاط بلے بازی کرتے ہوئے آخری اوور میں پاکستان کو جیت سے ہمکنار کروا دیا۔ محمد نواز نے 25 رنز بنائے اور حسن علی 2 رنز بنا سکے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حیدر علی 3، محمد حفیظ 10، آصف علی 5 اور فہیم اشرف 7 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سیساندا مگالا سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 33 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور لیزاڈ ولیمز نے 39 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بورن فورچون، تبریز شمسی اور اینڈیل فیلوک وائیو ایک، ایک کھلاڑی آؤٹ کر سکے۔