سندھ بھر میں کاروباری اوقات میں تبدیلیاں، نوٹیفکیشن جاری

08:21 PM, 16 Apr, 2021

اسلام آباد: محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں کاروباری اوقات میں تبدیلی کا حکمنامہ جاری کر دیا۔ ہفتہ اور اتوار کو کاروبار بند رہے گا۔

 محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق  کاروبار کی اجازت سحری سے شام 6 بجے تک ہو گی اور کاروباری اوقات میں تبدیلی کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے سندھ میں ہفتے میں دو روز ہفتہ اور اتوار کاروبار بند رہے گا۔ صوبے بھر میں سیاسی، سماجی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورنٹ میں ان ڈور ڈائیننگ کی اجازت نہیں ہو گی۔ آوُٹ ڈور ڈائیننگ افطار سے رات 12 بجے تک ہو گی۔ اعلامیے میں کہا گہا ہے کہ ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے کی سہولت پر سحری تک چھوٹ ہو گی۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ تروایح کے اجتماعات کھلے مقامات پر کیے جائیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا سے مزید 110 افراد انتقال کر گئے اور 5364 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 64481 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5364 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 110 افراد انتقال کر گئے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق مک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 8 اعشاریہ 31 فیصد رہی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 15982 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 45182 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 78425ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4123 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 50775 ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں