اسلام آباد،سپریم کورٹ نے گرفتاریوں کے معاملہ پر نیب کی سرزنش کردی۔عدالت کا کہنا تھا کہ نیب لوگوں کی آزادی سے نہ کھیلے ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے سرزنش پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف نیب اپیل کی سماعت دوران کی۔ جسٹس مقبول باقر کی سر براہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
نیب ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے بتایا کہ نیب نے فراڈ کے ملزم سلمان فدا کے خلاف تحقیقات بند کر دی ہے اور یہ معاملہ کارروائی کے لیے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو بھجوا دیا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے گرفتاری سے قبل ملزم کو آگاہ کرنے کا حکم دیا، ہائیکورٹ کے فیصلہ کو صرف اس حد تک چیلنج کیا۔
جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے ریمارکس دیئے کہ معاملے میں نیب کا دائرہ اختیار نہیں تھا تو ملزم کو گرفتار کیوں کرنا چاہتے تھے، کسی کی آزادی سے کھیلنا آسان نہیں، نیب لوگوں کی آزادی کیساتھ نہ کھیلے۔
جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ نیب گرفتاریوں کے معاملے میں نہ صرف دوسروں کے تشخص کا خیال رکھے بلکہ دوسرے کیساتھ اپنا تشخص بھی دیکھے، حالیہ دنوں میں بھی کسی کا نیب کی تحویل میں انتقال ہوا ہے۔
جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہا کہ لوگ یہ سمجھنے لگے ہیں کہ نیب کی کاروائیاں بد نیتی پر مبنی ہے، نیب اپنے ادارے کا نام دیکھے، اس کے تفتیشی افسر کو عدالتوں میں بولنے کا طریقہ تک نہیں آتا۔سپریم کورٹ نے پراسیکیوٹر کے بیان پرنیب اپیل نمٹا دی۔