وزیرخزانہ نہیں وزیراعظم بدلنے کی ضرورت ہے، رہنما پیپلزپارٹی

06:01 PM, 16 Apr, 2021

کراچی،ترجمان حکومت سندھ نے وفاقی کابینہ میں ہونے والی تبدیلیوں پر عجیب تبصرہ کرڈالا ۔ رہنما پیپلزپارٹی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو سوچنا چاہیے کہ وزیر خزانہ بدلنے سےفرق نہیں پڑیگا، شایداب وزیراعظم تبدیل کرنےکی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم کے دورہ سندھ پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ ہر سال رمضان المبارک میں وزیراعظم کی سندھ میں دلچسپی ہو جاتی ہے، یہ رمضان میں کراچی آتے ہیں اور اپنے اسپتال کیلئے چندہ مانگ کر چلے جاتے ہیں، آج بھی گورنر ہاؤس میں تقریب ہوگی، شوکت خانم ہسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ کر کے چلے جائیں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ستمبر2020میں کراچی تشریف لاتےہیں، جہاں وہ کراچی والوں کے لئے 1100 ارب کا اعلان کرتے ہیں، آج کراچی والےایک بار پھر منتظرہیں کہ وہ پیسےکہاں ہیں؟ کراچی والےدیکھ رہےہیں کہ کیا کام ہوئےکیا ڈیولپمنٹ ہوئیں؟،50لاکھ گھر1کروڑ نوکریاں دینی تھیں مگر کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہ ہوسکا، وزیراعظم اعلانات کرتے ہیں لیکن وعدے وفا نہیں ہوتے، ا ن سے تو ماضی کے منصوبے مکمل نہیں ہو رہے، اسی لئے آج سے کپتان کا نیا نام اعلان خان تجویز کرنا چاہوں گا۔

ترجمان سندھ حکومت نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑی تھے کھلاڑی ہیں اور رہیں گے، یہ معیشت اور عوام کے ساتھ کھیل رہےہیں، وفاقی کابینہ میں کی جانے والی تبدیلیوں پر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو سوچناچاہیےکہ وزیرخزانہ بدلنےسےفرق نہیں پڑیگا، شایداب وزیراعظم تبدیل کرنےکی ضرورت ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کی عوام ابھی تک یونیورسٹی کےمنتظرہیں جبکہ صورت حال یہ ہے کہ ابھی تک پی ٹی آئی والوں نے یونیورسٹی کیلئےایک روپیہ خرچ نہیں کیا اور کپتان نےاب تک یونیورسٹی کا چارٹرڈ تک منظور نہیں کیا۔

مزیدخبریں