بھارت میں ایک دن میں کورونا کیسز کا ریکارڈٹوٹ گیا

05:01 PM, 16 Apr, 2021

نئی دہلی: بھارت میں ایک دن میں کورونا وائرس کے کیسز کا ریکارڈٹوٹ گیا ۔ چوبیس گھنٹے میں دولاکھ 17 ہزار 353 کیس سامنے آگئے ۔ 

تفصیلات کے مطابق بھارت میں مذہبی تہوار کمبھ میلے اور الیکشن سرگرمیوں کے دوران کورونا ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں جس کے باعث ایک دن میں نئے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 17 ہزار 353 ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا ویکسی نیشن مہم کے باوجود گزشتہ نو دنوں میں 8 بار ایک دن میں نئے کورونا کیسز کا ریکارڈ ٹوٹا ہے۔ 24 گھنٹوں میں 2 لاکھ 17 ہزار 353 نئے کیسز سامنے آنے پر گزشتہ سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

روزانہ کی بنیاد پر کورونا کیسز میں ہوشربا اضافے کی ایک وجہ اترکھنڈ میں مذہبی تہوار کمبھ میلے کا انعقاد بھی ہے جس میں 25 لاکھ سے زائد افراد کورونا احتیاطوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گنگا میں ڈبکی لگا چکے ہیں۔

کورونا وبا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافے کی دوسری وجہ بنگال میں الیکشن کی سرگرمیاں بھی ہیں جس کے تحت ریلیاں اور جلسے منعقد ہو رہے ہیں جس میں سماجی فاصلوں کا خیال نہیں رکھا جارہا ہے۔

بھارت میں بھی کورنا کی برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے جو زیادہ متعدی ہے اور خطرناک بھی ہے۔ کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 45 لاکھ جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 75 ہزار ہوگئی۔

مزیدخبریں