بھارت میں بارہویں پاس شخص ہسپتال چلاتا رہا ،انکشاف

بھارت میں بارہویں پاس شخص ہسپتال چلاتا رہا ،انکشاف
سورس: file photo

نئی دہلی ،بھارت میں بارہویں جماعت پاس شخص کے ہسپتال چلانے کا انکشاف ہوا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر پونا کے علاقے شیرورمیں محض بارہویں پاس شخص ہسپتال چلاتا رہا ۔ فرضی نام سے چلانے والا فرد اب تک کئی لوگوں کی جانوں کے ساتھ کھیل چکا تھا ۔

معاملہ اس وقت سامنے آیا جب بات پولیس تک پہنچی ۔ ہوا یوں کہ ملزم نے اسپتال چلانے کے لئے ایک شخص سے پارٹنر شپ کی، پھر دونوں افراد کے درمیان مالی تنازعہ پیدا ہوا اورمعاملہ پولیس اسٹیشن تک جا پہنچا، مقامی پولیس کی جانب سے سنجیدگی سے تحقیقات کی گئی تو سارا معاملہ کھل کر سامنے آگیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کا نام محبوب شیخ ہے اور وہ محض بارہویں کلاس پاس ہے، ملزم ڈاکٹر مہیش پاٹل کے نام سے فرضی ڈگری کے ساتھ موریہ اسپتال چلا رہا تھا، پولیس نے ملزم کو حراست میں لیکر اس کے خلاف دھوکہ دہی اور مہاراشٹر میڈیکل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ساتھ ہی پولیس اس کی بھی جانچ کررہی ہے کہ اسپتال چلانے کے لئے ملزم نے فرضی کاغذات کہاں سے بنوائے۔

مقامی پولیس نے انکشاف کیا کہ ملزم دو سال سے 22 بستروں پر مشتمل اسپتال چلارہا تھا یہی نہیں اس نے کرونا مریضوں کے لئے ایک علیحدہ وارڈ بھی بنارکھا تھا، جس میں کووڈ مریضوں کا علاج کیا جارہا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت میں مسلسل دوسرے روز بھی کرونا کے2لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت میں کرونا سے متاثر 1185 مریض جان سے گئے۔ 
 
 
 
Comments