اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے فون کیا اور دو طرفہ امور سمیت خطےکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی شراکت داری جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو رمضان کی مبارک باد دی اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی، اسٹریٹیجک پارٹنرشپ بڑھانے سمیت دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی شراکت داری جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ دوران گفتگو افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئےکہا کہ بین الافغان مذاکرات نے خطے میں امن کے لیے بہترین موقع فراہم کیا ہے، افغان قیادت مسئلےکے سیاسی حل کے لیے اس موقع کا فائدہ اٹھائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نےافغان امن عمل میں مکمل تعاون فراہم کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بائیڈن نے افغانستان سے امریکی افواج کے انحلاء کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ وقت آگیا ہےکہ امریکا کی سب سے طویل جنگ کا خاتمہ کیاجائے اور امریکی فوج کو افغانستان سے واپس بلایا جائے۔
امریکی صدر نے اعلان کیا کہ یکم مئی سے امریکی افواج کا انحلاء شروع ہوجائےگا اور انحلاء کا یہ عمل 11 ستمبر کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملےکے 20 سال مکمل ہونے پر پورا ہوجائےگا۔
بائیڈن کا کہنا تھا کہ ہم افغان امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں،افغان امن عمل میں پاکستان، روس ،چین کاکردار اہم ہے، پاکستان افغانستان کی مدد کے لیے مزید اقدامات کرے ۔
واضح رہے کہ امریکا طالبان معاہدے کے مطابق امریکی افواج کو افغانستان سے مئی تک نکلنا تھا تاہم امریکی افواج کے انحلاء میں 4 ماہ کی تاخیر کی جارہی ہے۔ افغان طالبان نے معاہدے کے مطابق انخلاء نہ ہونے کی صورت میں نتائج کی دھمکی دے رکھی ہے، افغانستان میں 2500 سے زائد امریکی فوجی موجود ہیں۔