علماء کی مشاورت سے رمضان المبارک کا پلان تشکیل دیا جائے گا ، وزیراعظم

علماء کی مشاورت سے رمضان المبارک کا پلان تشکیل دیا جائے گا ، وزیراعظم
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد علمائے کرام سے ملاقات کریں گے تاکہ ان کی رہنمائی سے رمضان المبارک کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت کورونا صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں انھیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے آج کے اجلاس پر بریفنگ دی گئی۔

وزیرِاعظم کو کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا جبکہ ٹریکنگ، ٹیسٹنگ اور قرنطینہ میں منتقل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ چئیرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حفاظتی سامان کی تیسری کھیپ کل صوبوں کو ارسال کر دی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایات دیں کہ ماہ رمضان کے پیش نظر حکمت عملی پر غور، کورونا وائرس سے متعلق درست ڈیٹا اور معلومات پر خصوصی توجہ دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحیح اعدادوشمار پر مبنی ڈیٹا کی بنیاد پر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ اس امر کا تعین کیا جائے کہ آیا یہ کورونا کیس تھا یا کسی دیگر وجوہات کی بنیاد پر موت واقع ہوئی؟

انہوں نے اجلاس سے خطاب میں حکومتی حکمت عملی بیان کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے محدود کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دی، ضروری ہے کہ ہر فرد اپنی ذمہ داری کا احساس کرے، جہاں تک ممکن ہو سکے سماجی فاصلہ کو یقینی بنایا جائے۔