اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تقری پذیر ممالک کو قرضوں پر ریلیف دینے کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملاقات کی جس میں انہوں نے آئی ایم ایف سے 1.4 بلین ڈالر کی اضافی مراعات کی منظوری اور حکومت کے اعلان کردہ اقتصادی پیکیج پر عملدرآمد سے انھیں آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کورنا وبا سے نمٹنے کے لیے جی 20، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اقدامات کا خیر مقدم کیا۔
چئیرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی وزیراعظم کو ایمرجنسی کیش پروگرام کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ خوشی ہے کہ یہ پروگرام مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی ہے۔ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر دور دراز علاقوں میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا ا کہ چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس پروگرام سے مستفید ہوں۔