اسلام آباد: شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی بحران سے متعلق ڈی جی ایف آئی اے کو تفصیلی جواب جمع کرا دیا۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے 45 صفحات پر مشتمل جواب میں شوگر ملز مالکان پر لگائے جانے والے الزامات کو غلط قرار دیا گیا ہے۔جواب میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی رپورٹ من گھڑت اور یکطرفہ تھی، تحقیقات میں ہمارا مؤقف شامل نہیں تھا۔
جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ چینی کے حوالے سے جو اقدامات کیے وہ سب قانونی تھے، اس لیے فرانزک رپورٹ بھی تسلیم نہیں کریں گے اور اگر ایف آئی اے سے انصاف نہ ملا توعدالت سے رجوع کریں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں حالیہ آٹا اور چینی کے بحران پر ایف آئی اے نے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی ہے جس میں بتایا گیا کہ چینی بحران سے سب سے زیادہ فائدہ پی ٹی آئی کے اہم ترین رہنما جہانگیر ترین کو ہوا اور دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی کو فائدہ ہوا۔
چینی بحران کی رپورٹ پر وزیراعظم نے 25 اپریل کو فرانزک رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کا اعلان کیا ہے جب کہ جہانگیر ترین نے اپنے اوپر لگے الزامات کو مسترد کیا ہے اور وفاقی وزیر خسرو بختیار کی وزارت تبدیل کر دی گئی ہے۔