فریال تالپور کی عبوری ضمانت منظور

01:44 PM, 16 Apr, 2019

راولپنڈی: جعلی اکاونٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے کل آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا ہے۔ فریال تالپور نے نیب میں گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

فریال تالپور کی جانب سے دائر درخواست میں چیئرمین نیب کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے کل طلب کیا ہے اور خدشہ ہے گرفتاری نہ ہوجائے لہٰذا عبوری ضمانت دی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ نے فریال تالپور کی درخواست پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت جسٹس عامر فاروق نے فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے استفسار کیا کہ کیا یہ کوئی مختلف انکوائری ہے اور اس پر فاروق نائیک نے بتایا کہ جی یہ الگ معاملہ ہے۔

عدالت نے 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 29 اپریل تک فریال تالپور کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

مزیدخبریں