اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے سلسلے میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں سے واپسی پر انہوں نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ ملک میں صدارتی نظام کی باتیں ہو رہی ہیں اس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ اس طرح بھی ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ یہ روز پاکستان میں نیا تجربہ کرنے کے موڈ میں ہیں اور میں سمجھتا ہوں صورتحال دن بدن بدتر سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم صدارتی نظام کے قائل نہیں اور انہیں کوشش کرنے دو لیکن ہم روکیں گے۔