پشاور: سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلہ، 5 دہشت گرد ہلاک

10:22 AM, 16 Apr, 2019

پشاور: پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان گزشتہ 15 گھنٹوں سے مقابلہ جاری ہے جس کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 دہشت گرد مارے گئے۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کے مطابق اطلاع تھی کہ حیات آباد میں جج اور ایڈیشنل آئی جی پر حملے کرنے والے موجود ہیں جس کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور آپریشن شروع کیا۔

اطلاعات کے مطابق مشکوک گھر میں چھ سے سات دہشت گرد موجود ہیں جن کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے نبرد آزما ہونے کے لیے پولیس اور فوج کے کمانڈوز آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں جب کہ دہشت گردوں کے پاس خودکش جیکٹس کی اطلاعات پر آپریشن کچھ دیر کے لیے روکا گیا ہے اور حکمت عملی کے تحت آپریشن آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمارت کے نیچے کے دونوں حصے کلیئر کر دیے گئے ہیں اور اوپر کے حصے میں دہشت گردوں کی مزاحمت جاری ہے۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کے مطابق آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے .

شوکت یوسفزئی کے مطابق شہید پولیس اہلکار کا تعلق بڈھ بیر ماشوخیل سے ہے جس کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی جائے گی۔

مزیدخبریں