وزیر اعظم کی شاہ سلمان سے اہم ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال

08:26 PM, 16 Apr, 2018

جدہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سعودی عرب کے شاہ سلمان سے ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دونوں سربراہوں کے درمیان ملاقات مشترکہ فوجی مشق ”گلف شیلڈ ون“ کی اختتامی تقریب کے موقع پر ہوئی۔ اس سے قبل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مشترکہ فوجی مشق “گلف شیلڈ ون” کی اختتامی تقریب میں شرکت کی جس میں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر اور پاکستان کے سفیر حشام بن صدیق بھی موجود تھے۔

تقریب میں اسلامی عسکری اتحاد کی افواج کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ نشست پر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد بھی موجود تھیں۔ سعودی عرب میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی مشقوں کو گلف شیلڈ ون کا نام دیا گیا، ان مشقوں کو مختلف ممالک کی افواج ،ہتھیاروں کے نظام اور پیشہ ورانہ مہم جوئی کے حوالے سے خطے میں سب سے بڑی فوجی مشق سمجھا جاتا ہے۔

پاکستان کی جانب سے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے کمانڈوز، پاک فضائیہ کے سی ون 30 اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے مشقوں کا حصہ رہے۔ مشقوں کا مقصد خطے کے ممالک کے مابین فوجی اور سیکیورٹی تعاون کو مستحکم اور روابط کا فروغ تھا۔

مزیدخبریں