جنیوا: زیتون کا تیل اورخشک میوہ جات کا استعمال ذیابیطس اور امراضِ قلب سے بچاؤ اور صحت مند زندگی کے لئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے ماہرین صحت کا کہنا ہے كہ زیتون کا تیل اور خشک میوہ جات کا استعمال ذیابیطس اور امراضِ قلب سے بچاؤ اور طویل و صحت مند زندگی کے لئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ یونیورسٹی آف جنیوا کے ماہرین نے زیتون سے بنی غذاؤں کو تجربہ گاہ میں بعض کڑوں پر آزمایا جس سے ان کی زندگی میں اضافہ نوٹ كیا گیا لیکن ماہرین کا خیال ہے كہ تھوڑا موٹا ہونے کے باوجود بھی اس سے وابستہ امراض مثلاً ذیابیطس اور امراضِ قلب کا خطرہ نہیں بڑھے گا ۔
اس سے قبل انسانوں پر بھی ان اجزا كا تجزیہ کیا جاچکا ہے جس كے امراض دل اور شوگر پر بہتر اثرات نوٹ کئے جا چکے ہیں۔ ماہرین كا كہنا ہے كہ ان غذاؤں میں اینٹی آکسیڈنٹ موجود ہیں جو سوزش اور اس سے وابستہ دیگر امراض کم کرتے ہیں تاہم ماہرین نے ان اشیا کے بے دریغ استعمال سے منع کیا ہے اور اس میں اعتدال کا رویہ اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔