ریاض: سعودی عرب نے غیر ملکیوں کو مستقل رہائش دینے کے لئے گرین کارڈ کے اجراءکا اعلان کیا تھا، مگر اس کارڈ کی اہلیت کے معیار کے متعلق تاحال صرف مبہم باتیں ہی گردش کر رہی تھیں۔ اب یہ وضاحت سامنے آ گئی ہے کہ کون سے غیر ملکی اس اہم ترین سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق شوریٰ کونسل فنانشل کمیٹی کے نائب چیئرمین فہد بن جمعہ کا کہنا ہے کہ سعودی گرین کارڈ کا اہل بننے کے لئے متعدد شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے کے لئے درخواست گزاروں کے لئے ضروری ہوگا کہ وہ ایسی غیر معمولی سائنسی یا پروفیشنل مہارت رکھتے ہوں.
جو سعودی عرب میں باآسانی دستیاب نہ ہو، یا پھر وہ کسی کمپنی کے مالک ہوں اور مملکت میں سرمایہ کاری کرسکتے ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس معیار کی وجہ سے گرین کارڈ کی دستیابی محدود ہوگی، اور اس وجہ سے بھی کہ غیر ملکی سعودی سرمایہ کاری لائسنس حاصل کرنے کے اہل ہیں۔