سکھر: سکھرمیں 4 نوجوانوں نے محلے دار 10 سالہ بچے پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی ، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ تین کی تلاش جاری ہے ۔
پولیس کے مطابق پرانا سکھر کے علاقےنصرت کالونی کا رہائشی 10 سالہ فرخ انصاری 14 اپریل کی شام لاپتہ تھا، اہلخانہ نے تھانہ سی سیکشن میں گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی، جس کے بعد بچے کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ۔
پولیس کو اطلاع ملی کہ بچے کو اس کے محلے دارکاشف انصاری کے ساتھ آخری بار دیکھا گیا تھا ، جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کی تو ملزم نے بتایا کہ اُس نے اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ بچے کو روہڑی کے نزدیک پہاڑوں میں لے جاکر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے لاش برآمد کرلی اور مزید تین ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
قتل کی وجوہات سامنے نہیں آئیں تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔