مولانا فضل الرحمان ایک زیرک سیاستدان ہیں ، وہ اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہیں: بیرسٹر گوہر

03:54 PM, 15 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہیں انہوں نے ہمارے ساتھ کسی آفر کی بات نہیں کی۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ایک زیرک سیاستدان ہیں، میرا خیال ہے انہوں نے اصولی موقف اپنایاہےاور ان کا موقف  ہے کہ عدلیہ سے متعلق قانون سازی غیر معمولی نہیں ہونی چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا موقف ہے کہ ججز کی عمر بڑھنی چاہیے نہ ہی توسیع ہونی چاہیے، سپریم کورٹ واحد ادارہ رہ گیا ہے جو آئینی حقوق کی حفاظت کرے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی روٹیشن کی بات ہوئی اس سے عدلیہ پر قدغن لگے گا، اگر جج کی رائے کے بغیر ٹرانسفر کرتے ہیں تو یہ نامناسب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہم اسے دیکھیں تو سہی، پہلے ڈرافٹ پڑھیں تو سہی۔ ججز کی ایکسٹینشن نہیں ہونی چاہیے، عمریں نہیں بڑھنی چاہئیں، سپریم کورٹ کو آپ ٹچ نہ کریں، یہ سب کچھ صرف عدلیہ پر حملہ کرنے کیلئے کیا جارہا ہے، ہمارے سارے بندے ہمارے ساتھ ہوں گے، ہر پارلیمنٹیرین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق ووٹ دے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رات کے اندھیرے کی حکومت ہے رات کے اندھیرے میں قانون سازی کررہے ہیں، اگر کسی کو اٹھا کر نمبر گیم پوری کرنی ہے تو الگ بات ہے،یہ ایسی حکومت ہے جو ہر کام رات کے اندھیرے میں کرتی ہے، ایسی کون سی پردہ داری ہے، یہ کس چیز کو چھپارہے ہیں۔

مزیدخبریں