اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرادری نے یوم جمہوریت پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
جمہوریت کے بین الاقوامی دن کے موقع پر انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آج جبکہ دنیا بھر میں جمہوریت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس موقع پر ہم انسانی معاشرے کی بنیادی اور اہم قدر کے طور پر جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت آئینی اقدار کی پاسداری، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم غیر متزلزل ہے۔ ان جمہوری اقدار پر عملدرآمد ہمارے قومی طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے۔ منصفانہ، مساوی اور جامع عالمی معاشرے کے قیام کی کوششوں کا عزم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئیں، آج کے دن ہم ایسے عالمی معاشرے کے قیام کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں جو منصفانہ، مساوی اور جامع ہو. باہمی تعاون سے ہی ہم جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرکے یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ یہ امید کی کرن کے ساتھ ساتھ آئندہ نسلوں کی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو۔
یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن جمہوریت کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے منا رہے ہیں۔ جمہوریت ایک منصفانہ معاشرے کی بنیاد ہے، شہریوں کو بااختیار بنانے اور سیاسی عمل میں شرکت کے فروغ میں جمہوریت کا اہم کردار ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہماری قوم کے مسائل کا حل ایک متحرک اور جامع جمہوری عمل میں مضمر ہے۔ پاکستان کی سیاست کو کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی جمہوری عمل کے لیے نمایاں خدمات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت حقوق کے تحفظ اور سیاسی، اقتصادی و سماجی شمولیت کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔ پارلیمنٹ مسائل کے حل اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے بنیادی ادارہ ہے۔