دہلی : بھارت میں مسلسل 3 دن سے ہونے والی بارش کے باعث مشہور تاریخی مقام تاج محل کی چھت سے پانی رسنے لگا ہے جبکہ تاج محل سے ملحقہ باغ میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا آگرا سرکل نے تصدیق کی کہ مسلسل 3 روز سے جاری بارشوں سے تاج محل کے مرکزی گنبد سے پانی ٹپکنے لگا ہے تاہم گنبد کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ تاج محل کے متاثرہ گنبد کا ڈرون کیمروں کے ذریعے جائزہ لیا گیا ہے۔ پانی ٹپکنے کا واقعہ سیپج کی وجہ سے ہوا ہے لیکن گنبد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
انٹرنیٹ پر وائرل ایک ویڈیو میں دِکھایا گیا ہے کہ تاج محل کے چار باغوں میں سے ایک مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا ہے۔ عمارت کے اندر عکس بندی کی سختی سے ممانعت ہے، جہاں حکام کا کہنا ہے کہ پانی کا مشاہدہ کیا گیا تھا۔
سروے آف انڈیا اور تاج محل مینیجمنٹ کمیٹی کے مطابق مقبرے کی فوری مرمت اور باغ سے پانی نکالنے کا کام بارش رکتے ہی شروع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تاج محل مقبرہملکہ ممتاز محل زوجہ شاہ جہاں (1627-1659)بھارت کے شہر آگرہ میں واقع سنگ مرمر سے بنی ایک عظیم الشان عمارت ہےجسے مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے اپنی زوجہ کی محبت کی لا فانی یادگار کے طور پر دریانے جمنا کے ساحل پر بنایا تھا۔