کوئی نہال ہاشمی، طلال چودھری اور دانیال عزیز کی طرح نااہل نہیں ہوا: مریم نواز

02:56 PM, 15 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ بات سن سن کر کان پک گئے ہیں کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں ۔ کوئی نہال ہاشمی ، طلال چودھری ، دانیال عزیز کی طرح نااہل نہیں ہوا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ایک فتنہ ہے جس کے شر سے کوئی محفوظ نہیں ۔ اس شخص نے کھڑے ہو کر جج زیبا چودھری کیخلاف جلسے میں باتیں کیں ۔ ججز کو اس بات کو دیکھنا چاہئے وہ انجانے میں کیوں فتنے کو مضبوط ہونے کا موقع دے رہے ہیں ۔ پہلے یہ خاتون جج کی تضحیک کرے پھر معافی مانگے ایسے نہیں چلے گا ۔

لیگی رہنما نے کہا کہ کچھ طاقتیں پاکستان کو چلتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتیں ہیں ۔ ان طاقتوں نے ایک شخص کو پیسے دے کر ملک کے مفاد کیخلاف لانچ کیا ، یہ شخص پاکستان کی سیاست اور اداروں کو تباہ کرنے کیلئے لایا گیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس شخص نے آئی ایم ایف سے جو ڈیل کی اس کے نتائج پاکستان آج بھگت رہا ہے ۔ یہ شخص جاتے ہوئے آنے والی حکومت کے راستے میں بارودی سرنگیں بچھا کر گیا ۔ اس شخص نے آئی ایم ایف کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ، اس شخص نے آئی ایم ایف کے پاس اسٹیٹ بینک کو گروی رکھ دیا ۔ عمران خان نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا ۔ عمران خان سب کچھ حکومت پر ڈال کر پتلی گلی سے نہیں نکل سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق قبل از وقت کوئی جواب نہیں دینا چاہتی ، جس شخص نے جان بوجھ کر یہ معاملہ اٹھایا ہے اس کا نام فتنہ خان ہے ۔ جب وہ شخص حکومت میں تھا تو فوج اور حکومت کے ایک پیج پر ہونے کی تعریف کرتا تھا ۔ جب یہ شخص حکومت سے باہر ہوا تو اداروں اور عدلیہ پر حملہ آور ہوا ۔

مریم نواز نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ جو مانگ رہے ہیں انہیں کہتی وہ اسمبلیاں توڑیں ، پنجاب اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی توڑ دیں اور الیکشن میں چلے جائیں ۔ جب بھی عمران خان کال دیتے ہیں لوگ نہیں نکلتے ۔ عمران خان آج پھر اپنی سی وی لے کر گھوم رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی آفت آئی ہوئی ہے ۔ حکومت چاہتی ہے سیلاب متاثرین کو ان کے گھروں میں دوبارہ واپس بھیجیں ۔ شہباز شریف کی کسی صوبے میں حکومت نہیں لیکن پھر بھی وہ متاثرین کے ریلیف کیلئے روزانہ صوبوں کے دورے کر رہے ہیں ۔ عمران خان سیلاب متاثرین کی امداد کے بجائے صرف فوٹو سیشن کیلئے جاتے ہیں ۔ عمران خان کی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت ہے وہاں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے ۔

مزیدخبریں