اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے ٹیلی فون پر بات کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی تازہ ترین پیش رفت اور دو طرفہ اہمیت کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان عوام کے لیے مالی اور سیاسی تعاون کے لیے بین الاقوامی یکجہتی کا مطالبہ بھی کیا۔
شاہ محمود قریشی نے افغان عوام کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور ترقیاتی امداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا،وزیر خارجہ نے اپنے بحرینی ہم منصب کو پاکستان کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد دینے کے بارے میں بتایا ۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور تمام شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔دونوں وزرا نے دوطرفہ امور کے ساتھ ساتھ مشترکہ دلچسپی کے علاقائی مسائل پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔