لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ وہ انتخابات کیلئے ہر وقت تیار ہیں اور زبردستی کی تبدیلی مانیں گے نہ ہی اب ووٹ چوری ہونے دیں گے۔
مسلم لیگ ن ڈی جی خان ڈویژن کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پارٹی کو نچلی سطح تک آرگنائز کریں گے۔ آج کل سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں اور موجودہ حالات میں ن لیگ نے پنجاب میں کلین سوئپ کیا اور ایسا کرنا کوئی چھوٹی بات نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے عوام کسی بھی زبردستی کی تبدیلی کو نہیں مانیں گے اور ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکا دینا ہے اور یہ دھکا اپنی جماعت کیلئے نہیں قوم اور آنے والی نسلوں کیلئے دینا ہے۔
انہوں نے کہا میں نے جب سیاست شروع کی تو اپنے والد کا اس لیے ساتھ دیا کہ وہ میرے والد ہیں لیکن جب میں نے چیزوں کو دیکھا تو میاں صاحب کے بیانیے کو نہ صرف دل سے مانا بلکہ یہ فیصلہ کیا کہ مجھ پر کچھ بھی تکلیف آئے میں اس بیانیے کو نہیں چھوڑوں گی۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم و مسلم ن کے تاحیات قائد نواز شریف کی زیرصدارت پارٹی کے اہم اجلاس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی شرکت نہ کرنے کی وجہ سامنے آ گئی۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان پنجاب عظمی بخاری نے شہباز شریف کی عدم شرکت کی وضاحت کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ شہباز شریف بلوچستان کی تنظیمی عہدیداروں سے میٹنگز شیڈول تھیں جس کی وجہ سے وہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
عظمی بخاری نے بتایا کہ بلوچستان سے آئے رہنماوں نے شہباز شریف کی رہائشگاہ پر ملاقات کی آئندہ تمام اجلاس میں شہباز شریف شریک ہوں گے۔