روسی ساختہ کورونا ویکسین ایکسپو سینٹر لاہور میں مفت کر دی گئی

07:01 PM, 15 Sep, 2021

لاہور: عوام کے لئے خوشخبری ہے کہ روسی ساختہ ویکسین ایکسپو سینٹر میں مفت لگانے کااعلان کر دیا گیا ہے۔ 

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مؤثر ترین روسی ویکسین اسپوتنک وی اب عوام کو مفت دستیاب ہو گی۔ ایکسپو ‏سینٹر لاہور میں شہری روسی ویکسین بغیر کسی چارجز اور فیس کے لگوا سکتے ہیں۔

اس سے قبل سپوٹنک ویکسین 12 ہزار روپے میں لگوائی جاتی رہی ہے۔ روسی ساختہ ویکسین پہلے صرف پرائیویٹ ‏اداروں سے لگوائی جا رہی تھی۔ روسی ساختہ ویکسین کی دوسری ڈوز 21 روز بعد لگے گی۔

ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں پہلی ڈوز لگوانے والے افراد کی تعداد 7 کروڑ ہو گئی اور گزشتہ روز ملک میں 8 لاکھ 90 ہزار 980 افراد کو ڈوز لگائی گئی اور اب تک7 کروڑ 4 لاکھ 2 ہزار 987 ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہے۔

یاد رہے پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے اور ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 73 افراد انتقال کر گئے اور 2714 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

مزیدخبریں