محمد عامر کا پی سی بی ڈومیسٹک کنٹریکٹ لینے سے انکار

محمد عامر کا پی سی بی ڈومیسٹک کنٹریکٹ لینے سے انکار
کیپشن: محمد عامر کا پی سی بی ڈومیسٹک کنٹریکٹ لینے سے انکار
سورس: فائل فوٹو

لاہور: فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ لینے سے انکار کردیا۔

ایک بیان میں محمد عامر نے کہا کہ پی سی بی نے بغیر پوچھے مجھے ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیا ہے۔ میں پی سی بی کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ نہیں لوں گا اور بورڈ میری جگہ کسی جونیئر کھلاڑی کو کنٹریکٹ دے دے۔ فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی نہیں کھیل رہا ہوں اور نوجوان کرکٹر کا بھلا کریں۔

خیال رہے کہ پی سی بی نے محمد عامر کو ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل کیا ہے۔

واضح رہے کہ محمدعامر نے مصباح الحق اور وقار یونس کے جانے کے بعد اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ عامر نے یہ بیان بھی دیا تھا کہ اگر انتظامیہ تبدیل ہوئی تو وہ سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے۔ محمد عامر کا کہنا تھا سابق کرکٹرز 2010 کی غلطی کو جواز بنا پر مجھ پر تنقید کرتے تھے۔ مجھے مینٹل ٹارچر کیا جا رہا تھا۔ پی سی بی کی موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیل سکتا اور موجود صورتحال میں ذہنی دباؤ برداشت نہیں کر سکتا۔

ریٹائرمنٹ کے فوری بعد عامر نے کہا تھا کہ عامر نے کہا میری لڑائی احسان مانی اور وسیم خان سے نہیں ہے۔ لوگوں کے دماغ میں ڈالا گیا میں پیسے کمانا چاہتا ہوں اور کچھ سابق کرکٹرز نے مجھے 2010 میں میچ فکسنگ کا طعنہ دیا۔

وقار یونس اور محمد عامر کے درمیان نوک جھوک بھی ہوتی رہی اور طنزیہ ٹویٹس کا تبادلہ بھی ہوتا رہا۔ وقار یونس نے کہا تھا کہ عامر ورک لوڈ کے باعث ٹیم سے باہر نہیں ہوئے وہ پرائیوٹ لیگ بھی تو کھیل رہے ہیں۔

جواب میں عامر نے کہا تھا کہ وجہ سرکار وقار یونس صاحب ہی بتا سکتے ہیں، اللہ ایسی سوچ رکھنے والوں کو ہدایت دے۔