اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں ملک میں تو جمہوریت چاہتی ہیں مگر پارٹی میں نہیں اور پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں غیر جمہوری نظام پر کھڑی ہیں۔ پاکستان میں اگر کسی سے اچھے کام کی امید کرنی ہے تو عمران سے ہی کر سکتے ہیں اور ہم پاکستان میں کوالٹی ڈیمو کریسی چاہتے ہیں۔
جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کوالٹی ڈیموکریسی تب آئے گی جب اداروں کو قانون کے تابع کریں گے، ہر چیزعمران خان نے نہیں کرنی، اداروں کا اپنا ایک رول ہے، پرابلم یہ ہے تمام ادارے دوسروں سے کوالٹی چاہتے ہیں، اپنی کوالٹی نہیں، ہماری عدالتیں کہتی ہیں سیاست دانوں کوکام کرنا چاہیے، ہم عدالتی نظام ایسے ہی چلائیں گے، الیکشن کمیشن بھی ایسے ہی چاہتا ہے، ہم ایسے ہی کام کریں گے، ہم پاکستان میں کوالٹی ڈیموکریسی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا ایرانی، روسی، چین، افغانستان، بھارتی میڈیا سے مضبوط ہے، پانچ دن سے فیک آرڈیننس پر وزیراعظم اور وزیراطلاعات کے خلاف کمپین چل رہی ہے لیکن کچھ نہیں کر پا رہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ ہم سب کو قانون کے تابع ہونا چاہیے اور کتنی مرتبہ آصف زرداری، نواز شریف اکٹھے ہوئے جبکہ مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹوکا آپس میں کچھ بھی کامن نہیں لیکن اکٹھے ہو جاتے ہیں جبکہ ان کا مقصد لوگوں کے سروں پر پاؤں رکھ کر اقتدار میں آنا ہے۔ پاکستان میں اگر کسی سے اچھے کام کی امید کرنی ہے تو عمران خان سے ہی کر سکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سسٹم کو تبدیل کرنے کی بات صرف عمران خان کر رہا ہے اور پیپلزپارٹی جمہوری پارٹی کا دعوی کرتی ہے، کیا تصورکیا جاسکتا ہے کہ کسی پارٹی کا چیئرمین وصیت کے ذریعے لگایا جائے اور مریم نواز دروازے سے باہر نکلتی ہیں اور شاہد خاقان عباسی ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوتے ہیں۔