سندھ میں مارکیٹیں رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت، دفاتر میں 100فیصد عملہ آئے گا، نوٹیفکیشن جاری

02:55 PM, 15 Sep, 2021

کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے باعث عائد کی گئی پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق دفاتر میں 100 فیصد عملہ کام کر سکے گا۔ 
حکومت سندھ کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامے کے مطابق صوبے بھر میں ہفتے کے 6 روز مارکیٹیں رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی تاہم کراچی میں اتوار کو مارکیٹیں بند رکھی جائیں گی۔ صوبے بھر کے ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ بھی کھول دی گئی ہے جس کی اجازت رات 12 بجے تک ہو گی۔
صوبے میں انڈور شادی سمیت دیگر تقریبات کی بھی اجازت دیدی گئی ہے تاہم ان تقریبات میں 200 افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی جبکہ اوپن ایئر میں شادی سمیت دیگر تقریبات میں 400 افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔حکم نامے کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد اور ٹرینوں میں 70 فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت ہو گی۔
نئے حکم نامہ کے مطابق مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور دکانوں پر ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ لینے کیلئے ٹیمیں وزٹ کریں گی جبکہ گھروں سے کام کرنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے اور اب دفاتر میں 100 فیصد عملہ کام کر سکے گا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 56 ہزار 733 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 2 ہزار 714 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 13 ہزار 702 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 73 افراد جان کی بازی ہار گئے اور اس طرح اس مہلک مرض سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 938 ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں