بیجنگ: چینی کمپنی شیاؤمی نے بھی اپنی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ''سمارٹ عینک'' متعارف کرا دی ہے۔ خیال رہے کہ ابھی چند دن قبل فیس بک صارفین کیلئے یہ ڈیوائس مارکیٹ میں لائی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ ''سمارٹ عینک'' بیک وقت کئی خصوصیات کی حامل ہے۔ اس کی مدد سے ناصرف پیغامات کا ترجمہ ممکن ہے بلکہ فون کالز بھی کی جا سکتی ہیں۔ صارفین اس عینک میں میسجز اور نوٹی فیکیشن بھی پڑھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس ڈیوائس سے تصاویر بھی اتاری جا سکتی ہیں۔
شیاؤمی کی اس عینک کا وزن انتہائی کم ہے جس کے پہننے سے کوئی بھاری پن یا بوجھ محسوس نہیں ہوتا۔ اس سمارٹ عینک کا وزن اکیاون گرام ہے، تاہم فیس بک کی عینک اس سے ذرا ہلکی ہے۔
دوسری جانب فیس بک کی سمارٹ عینک کا موازنہ کیا جائے تو اس میں ویڈیوز بنانے، فوٹوز اتارنے اور موسیقی سے لطف اندوز ہونے کے فیچرز موجود ہیں۔
چینی کمپنی کی سمارٹ عینک میں فائیو میگا پکسل والا کیمرہ نصب ہے جس سے تصاویر اتارتے وقت رات میں لائٹ بھی جل اٹھتی ہے۔ یہ عینکیں آئی او ایس پر نہیں بلکہ صرف اینڈرائیڈز فونز کیساتھ منسلک کرکے ہی استعمال کی جا سکیں گی۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سمارٹ عینک کی خاص بات راستے کی نشاندہی کیلئے نقشہ ہے۔ اس کے علاوہ اس عینک میں مختلف زبانوں کا ترجمہ کرنے کی بھی صلاحیت موجود ہے۔