ممبئی: ایک حیران کن واقعے میں نوجوان لڑکی دانت صاف کرنے کیلئے ٹوتھ برش پر چوہے مار ہر لگا کر استعمال کرنے کے نتیجے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھی، مقتولہ کی شناخت 18 سالہ افسانہ خان کے نام سے ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولہ کا تعلق ممبئی کے علاقے دھراوی میں واقع کچی آبادی سے ہے اور ممبئی پولیس کے مطابق یہ واقعہ 3 ستمبر کی صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا جب وہ صبح بیدار ہوئی اور برش کرنے کیلئے ٹوتھ پیسٹ کی جانب ہاتھ بڑھایا مگر غنودگی میں ہونے کے باعث وہاں رکھی چوہے مار زہر کریم کی ایک ٹیوب اٹھا کر دانت صاف کر لئے۔
ایک پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ’ہمیں معلوم ہوا کہ چوہے کے زہر کا پیسٹ ٹوتھ پیسٹ کے قریب رکھا گیا تھا ، لہٰذا اس نے غلطی سے دانت صاف کرنے کیلئے وہ پیسٹ استعمال کیا۔ تاہم جلد ہی جب اسے اپنی غلطی کا احساس ہوا تو اس نے فوراً اسے تھوک دیا اور اپنا منہ دھویا مگر تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔
افسانہ کی صحت متاثر ہونے لگی اور اسے چکر آ گیا۔ ابتدائی طور پر ، اس نے ڈانٹ ڈپٹ کے خوف سے اپنے گھر والوں کو اس واقعے سے آگاہ نہیں کیا جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہو گئی۔ بعد ازاں پیٹ میں درد کی شکایت کے بعد اس کی ماں اسے قریبی ہسپتال دھراوی لے گئی اور اسے دوائیں دلائیں۔
ایک پولیس افسر نے بتایا ”ادویات لینے کے باوجود ، لڑکی تین دن تک پیٹ میں درد کی شکایت کرتی رہی جس کے بعد اس کی ماں نے اسے اعتماد میں لیا اور اس سے پوچھ گچھ کی ، تو اس نے اسے بتایا کہ اس نے غلطی سے 3 ستمبر کو ٹوتھ پیسٹ کیلئے چوہے کے زہر کا پیسٹ استعمال کیا۔" .
اس کے بعد ، لڑکی کو سیون ہسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن اس کی صحت میں کوئی بہتری نہ آنے کی وجہ سے اسے ایک سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس سب انسپکٹر کا کہنا ہے کہ ”تین دیگر ہسپتالوں کو تبدیل کرنے کے بعد ، وہ اتوار کی صبح 6 بجے جے جے ہسپتال میں داخل ہوئی۔“
پولیس کے مطابق ڈاکٹرز کی جانب سے بہترین کوششوں کے باوجود لڑکی اتوار کی رات ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ ڈاکٹرز اپنی رپورٹ میں درج کیا ہے کہ لڑکی کی موت زہر کی وجہ سے ہوئی جبکہ پولیس نے اس معاملے میں حادثاتی موت کی رپورٹ درج کی ہے۔
18 سالہ لڑکی چوہے مار زہر کیساتھ دانت صاف کرنے پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھی
09:40 AM, 15 Sep, 2021