پی ایس ایکس نے بہترین اسلامک سٹاک ایکسچینج ایوارڈ 2021ء اپنے نام کرلیا  

07:09 AM, 15 Sep, 2021

اسلام آباد: عالمی سطح پر ایک اہم اعزاز حاصل کرتے ہوئے پی ایس ایکس نے گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز (GIFA) کی جانب سے بہترین سلامک اسٹاک ایکسچینج ایوارڈ 2021ء اپنے نام کر لیا ہے۔

گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق GIFA اسلامی دنیا میں بینکنگ اور فنانس کے حوالے سے ایک بین الاقوامی سطح کا قابل احترام اور نمایاں پلیٹ فارم ہے۔ یہ ایوارڈز 2011ء سے عالمی سطح پر ان افراد، اداروں اور سرکاری محکموں کو دئیے جا رہے ہیں جنھوں نے اسلامی بینکنگ اور فنانس کو فروغ دینے اور سماجی ذمہ داری کے عزم کے لحاظ سے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔

GIFA واحد عالمی اسلامی فنانس ایوارڈ پروگرام ہے جسے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے اور اسے نمایاں حیثیت حاصل ہے جبکہ اس میں وہ تمام ادارے اور افراد شامل ہیں جنہوں نے شرعی صداقت کے ساتھ اسلامی بینکاری اور مالیات کی ترقی اور توسیع میں حصہ ڈالا ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج شریعت کے مطابق مصنوعات فراہم کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جس میں وقف شدہ اسلامی انڈیکس، شریعت کے مطابق ایکویٹی اور قرض کے دستاویزات شامل ہیں۔

پی ایس ایکس نے مضاربہ اور اسلامی کمرشل بینکوں کے ساتھ اسلامک میوچل فنڈز اور ای ٹی ایف جیسی مصنوعات کی بھی لسٹنگ کی ہے۔ یہ 770 ارب روپے کی شریعہ کمپلائنٹ کمپنیوں کے مجموعی لسٹڈ سرمائے کا حامل ہے جو تمام لسٹڈ کمپنیوں کے کل درج کردہ سرمائے کا 53 فیصد بنتا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایسے سرمایہ کاروں کے لیے ایک مضبوط پروڈکٹ سوٹ پیش کرتا ہے جو سرمایہ کاری کے اسلامی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

یہ شریعہ کمپلائنٹ کمپنیوں کے لیے ایک کم لاگتی اور موثر پلیٹ فارم ہے جو کہ شرعی اصولوں کے مطابق مصنوعات کو استعمال کرتے ہوئے قرض اور ایکویٹی کیپٹل بڑھاتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، پی ایس ایکس کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ یہ بلا شبہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے ایک عظیم کامیابی ہے کہ اس نے گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز کی طرف سے پیش کردہ بہترین اسلامی اسٹاک ایکسچینج ایوارڈ 2021 جیتا ہے۔ اسلامک ایکویٹی اور قرضہ جاتی مصنوعات (debt Product) بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں میں ڈیمانڈ کا ایک بڑا حصہ بنتی ہیں۔ پی ایس ایکس کا یہ اعزاز جیتنا ظاہر کرتا ہے کہ یہ اسلامی کیپٹل مارکیٹ کی مصنوعات کی لسٹنگ اور سرمایہ کاری کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ایوارڈ کی جیت اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ پی ایس ایکس اسلامی کیپٹل مارکیٹ کی مصنوعات اور پیشکشوں کے لیے سہولت اور فراہمی کے سلسلے میں صحیح سمت میں گامزن ہے۔ ہم پی ایس ایکس میں اسلامی فنانس بزنس کی تعمیر کا ارادہ رکھتے ہیں اور پی ایس ایکس کے ریگولیٹری، آپریشنل، تکنیکی معیار اور مصنوعات کو متنوع اسلامک پروڈکٹ فراہم کرنے اور شریعہ کمپلائنٹ کے تحت ایکویٹی اور ڈیبٹ لسٹنگ کو یقینی بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ایم ڈی پی ایس ایکس فرخ ایچ خان نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا عالمی اسلامی فنانس ایوارڈز کے زیرِاہتمام بہترین اسلامی اسٹاک ایکسچینج ایوارڈ 2021 جیتنا واقعی اعزاز اور فخر کا باعث ہے۔ یہ ایوارڈ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ نہ صرف پاکستان اسٹاک ایکسچینج اسلامی فنانس کی دنیا میں کھڑا ہے بلکہ پاکستان کی بھی ایک پہچان ہے۔ پی ایس ایکس اور پاکستان دونوں کئی سالوں سے بینکنگ اور کیپٹل مارکیٹ دونوں میں فنانسنگ کے اسلامی طریقے متعارف کرانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس سے مالیاتی شعبے کے صارفین کی حقیقی ضرورت پوری ہو گئی ہے۔ آج پاکستان میں اسلامی مالیاتی مصنوعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج 4,770 ارب روپے کی شریعہ کمپلائنٹ کمپنیوں کے مجموعی مارکیٹ کیپٹل کا حامل ہے جو ( 30جون 2021تک)تمام لسٹڈ کمپنیوں کے کل مارکیٹ کیپٹل کا 57 فیصد بنتا ہے۔ سکوکس، ای ٹی ایف، مضاربہ، میوچل فنڈز اور ایکویٹی لسٹنگ شریہ کمپلائنٹ ہیں،پی ایس ایکس ان لوگوں کے لیے سرمایہ بڑھانے کے لیے قابل عمل اور آسان راستہ فراہم کرتا ہے جو شریعہ کمپلائنٹ کے مطابق اپنی مصنوعات اور کمپنیوں کی لسٹنگ چاہتے ہیں۔

اسی دوران پی ایس ایکس ایسے سرمایہ کاروں کے لیے بھی ایک پرکشش راستہ پیش کرتا ہے جواسلامی مالیاتی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔یہ ایوارڈ، جس سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو GIFA کی 10 سالہ تاریخ میں پہلی بار نوازا گیا ہے، یہ ایک مضبوط اور فعا ل حصص بازار کے طور پر پی ایس ایکس پر اعتماد کا بین الاقوامی ووٹ ہے، جو کہ ہر قسم کی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرتا ہے، چاہے وہ شریعہ کمپلائنٹ کے تحت ہوں یا دوسری کمپنیاں ہوں۔بلاشبہ ہمیں اپنی کامیابیوں پر فخر ہے اور ہمیں اس ایوارڈ سے نوازنے پر GIFA کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

پی ایس ایکس میں موجود بہترین ٹیم، ایس ای سی پی، بروکریج کمیونٹی، ہمارے بورڈ اور شیئر ہولڈرز کے بغیر اس طرح کی کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں تھا، اور یقینا ہماری لسٹڈ کمپنیاں اور سرمایہ کار بھی اس میں براربر کے حصے دار ہیں۔ ہم ان سب کے مشکور ہیں اور پی ایس ایکس اور پاکستان کی ترقی کے اس سفر کو جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔چیئرمین ایس ای سی پی عامر خان کی طرف سے اس موقع پر پی ایس ایکس کو مبارکباد دی گئی؛ پچھلے دو سالوں کے دوران پی ایس ایکس نے قابلِ تحسین پیش رفت کی ہے، اور بہترین اسلامک اسٹاک ایکسچینج ایوارڈ 2021 جیتنا کیپٹل مارکیٹ میں اسلامی مصنوعات اور پیشکش کو فروغ دینے کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ایس ای سی پی، پی ایس ایکس کی مسلسل اور انتھک کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے تاکہ وسیع بنیادوں پر کلائنٹ بیس خدمات کو ممکن بنایا جا سکے اور شرعی اصولوں کے مطابق آگاہی فراہم کرنے والوں اور سرمایہ کاروں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

مزیدخبریں