نواز شریف صحتیاب ہو کر عدالتوں کا سامنا کریں گے، خواجہ آصف

10:45 PM, 15 Sep, 2020

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف جب بھی صحت یاب ہونگے، وطن واپس آ کر قانون اور عدالتوں کا سامنا کریں گے۔

میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف فیصلہ آیا لیکن عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی پلیٹ لیٹس کا مذاق بنایا گیا۔ عمران خان کے اردگرد غیر منتخب شدہ لوگ ہیں جو پلیٹ لیٹس کا مذاق اڑاتے ہیں۔ مختلف ذرائع یا اپنی فنکاری کی وجہ سے ایسے لوگ آ جاتے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نواز شریف کی کردار کشی کر رہی ہے۔ اس ظلم کے نظام کے خلاف سرخرو ہونگے۔ جب حکومت برطانیہ یہ فیصلہ بھیجے گی تو پاکستان کے نظام کی دنیا کے اندر جگ ہنسائی ہوگی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کے وزرا آج ڈرامے کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے بیماری کی تصدیق کی۔ اب ان کو ابال اٹھ رہا ہے۔ کروڑوں پاکستانیوں کی دعاؤں سے نواز شریف کی زندگی بچی۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں