کابینہ ارکان نے جنسی درندوں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کر دیا

04:49 PM, 15 Sep, 2020

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اراکین نے جنسی درندوں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کر دیا۔ وزیراعظم نے کہا ایسے مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں موٹروے واقعہ پر بھی گفتگو کی گئی۔ کابینہ ارکان کا کہنا تھا جنسی درندوں کو سخت اور فوری سزائیں دینا ہوں گی۔ اس وقت تمام جماعتوں کو مل کر قانون سازی کی ضرورت ہے۔

خیال رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ موٹروے واقعہ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا، ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی کے مرتکب مجرموں کو سرعام پھانسی یا ان کی کیسٹریشن ہونی چاہیے، لیکن ہم نے اس معاملے پر ڈسکس کیا تو بتایا گیا کہ یہ اقدام اٹھانے سے تجارتی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، زیادتی کے مجرم کی کیسٹریشن ہونی چاہیے، ایسے مجرم کی سرجری کر کے ناکارہ کر دینا چاہیے۔

مزیدخبریں