کراچی :ٹیسٹ لیگ سپنر یاسر شاہ نے کہا ہے کہ اگر پی سی بی سپن باﺅلنگ بھی کوچ کی تقرری کردے تواچھا ہوگا۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یاسر شاہ نے کہا کہ مجھے اس وقت کوئی انجری نہیں، پری سیزن کیمپ میں کافی ٹریننگ کی تھی، وہی کام آرہی ہے، اسی لیے قائد اعظم ٹرافی میں پہلے دن بلوچستان کی جانب سے سندھ کیخلاف 38اوورزکرائے۔
انھوں نے کہا کہ جارحانہ کرکٹ کا انداز اپنانا ضروری ہے، اگر اسپنر کوچ کی تعیناتی کی جاتی ہے تواس سے سپنرزکوفائدہ ہوگا، میں اس وقت اپنے کھیل پربھرپور توجہ دے رہا ہوں، سینئرسپنرثقلین مشتاق نے بھی میری کافی مددکی، ملک میں اس وقت لیگ سپنرزکی کمی ہے، بورڈ لیگ سپنرز پر توجہ دے۔
یاسر شاہ نے کہا کہ زیادہ تر میچز سپنرز کی مدد سے جیتے ہیں، پی سی بی کو زیادہ سے زیادہ لیگ سپنر کھلانے چاہیئں، مجھے جتنا قومی کوچز نے سپورٹ کیا، اتنا غیر ملکی کوچ نے نہیں کیا،غیر ملکی کوچ کے ساتھ مشکلات ہوتی ہیں، زبان سمجھنے میں بھی مسئلہ ہوتا ہے،ہمیشہ ہم کوکابورا بال سے کھیلتے ہیں، اس سے ہم آہنگ ہیں۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ہمیں آسٹریلیا میں فاسٹ باﺅلر کی ضرورت ہوگی، کھلاڑیوں کو مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہوگا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے پچز بہتربنی ہیں۔