لندن:آسٹریلیا کے سابق کپتان اور دنیا کے نمبر ون بیٹسمین سٹیو سمتھ نے انضمام الحق سے ریکارڈ چھین لیا۔
ایشز سیریز کے دوران سٹیو سمتھ نے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔آسٹریلوی بیٹسمین نے اس بار پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق کا ریکارڈ توڑا۔
سمتھ نے انگلینڈ کے خلاف مسلسل10اننگز میں50یا اس سے زائد رنز بنائے، انہوں نے یہ کارنامہ2017-18اور2019-20کے دوران انجام دیا۔وہ بال ٹمپرنگ کیس کے باعث29مارچ 2018 سے ایک سال تک کرکٹ سے دور بھی رہے۔
پابندی سے پہلے والی ایشز سیریز کی آخری چار اننگز میں انہوں نے بالترتیب 239،76 ،102اور83رنز بنائے تھے۔آسٹریلوی بیٹسمین نے حالیہ ایشز سیریز کے دوران5ٹیسٹ میچوں کی6اننگز میں144،142،92،211،82اور80رنز کی اننگز کھیلیں۔
اس سے پہلے یہ ریکارڈ انضمام الحق کے پاس تھا، پاکستان کے سابق کپتان نے بھی انگلینڈ ہی کے خلاف2001 سے2006 کے دوران مسلسل9مرتبہ 50پلس رنز بنائے ہیں۔