میونخ :دورِ جدید میں نت نئی ایجادات انسانی عقل کو حیران کر دینے کیلئے کافی ہیں۔ جرمنی میں جاری موٹر شو کے دوران پیش کی جانیوالی گفتگو کرنے والی گاڑیاں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
ایک ننھی کار بھی مس شو کا حصہ ہے جو نہ صرف سفر کو کئی گنا آسان بنا دے گی بلکہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے بھی آراستہ ہے۔ ننھی الیکٹرک کار خود کار نظام سے مزین ہے جو الیکٹرک بیٹری سے چلتی ہے اور سمارٹ فون سے ایک ایپلی کیشن کے ذریعے منسلک ہے اور ایک پیغام ملنے پر خود بخود آپ تک پہنچ جائے گی۔ دو نشستوں کی حامل یہ ننھی کار اپنی سمارٹ سکرین کے ذریعے نہ صرف آپ سے باتیں کریگی بلکہ تمام راستوں کے بارے میں بھی ٹھیک ٹھیک معلومات فراہم کریگی۔
دریں اثناءہونڈا نے اپنی سب سے منفرد کانسیپٹ گاڑی متعارف کرا دی ہے جو بہت جلد سڑکوں پر بھی دوڑتی نظر آئے گی۔ ای وی کانسیپٹ نامی یہ گاڑی فرینکفرٹ میں جاری انٹرنیشنل موٹر شو کے دوران متعارف کرائی گئی جو کہ کمپنی کی جانب سے اپنی اولین چھوٹی گاڑیوں کو خراج تحسین بھی ہے۔ اس گاڑی کو 2019ءمیں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ہونڈا نے اس گاڑی کے فیچرز کے بارے میں تفصیلات تو جاری نہیں کیں تاہم اس کا کہنا تھا کہ اس کا سسٹم ڈرائیور کے جذبات کو شناخت کر کے سیکھے گا اور اس حوالے سے تجاویز بھی دے گا۔
ہونڈا کے خیال میں مستقبل قریب میں انسان اپنی گاڑیوں سے بات چیت کر سکیں گے، کم از کم اس کانسیپٹ گاڑی کی حد تک تو کچھ ایسا ہی نظر آتا ہے۔ گاڑی کے اندر ایسے دروازے دیئے گئے ہیں جو اس وقت کسی رولز رائس میں نظر آتے ہیں جبکہ چار افراد اس میں سفر کرسکیں گے۔اس کا ڈیش بورڈ دیکھنے میں کسی سائیڈ بورڈ کی طرح ہے جس میں بٹوں اور سوئچز کی کمی نظر آتی ہے جبکہ سٹیئرنگ وہیل بھی موجود ہے حالانکہ یہ ڈرائیور کی زبانی ہدایات پر بھی سفر کرسکے گی۔اسے بجلی کی مدد سے چلایا جائے گا اور اندر سے یہ کسی کشتی جیسی نظر آتی ہے۔
ہونڈا کے مطابق 2019ءمیں اس کا پروڈکشن ورژن یورپ میں فروخت کےلئے پیش کیا جائے گا جبکہ جاپان میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔