اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندو اکثریت قائم کرنے کیلئے بھارت ڈیمو گرافک تبدیلیاں لا رہا ہے،نئی دہلی وادی میں باہر سے لاکر ہندووں کی آباد کاری کے ذریعے مسلم اکثریت آبادی کو تبدیل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔
جمعہ کو سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر خارجہ خواجہ آصف نے تحریری جواب جمع کروادیا جس میں کہا گیا ہے کہ آزادجموں کشمیرمیں بھارت جغرافیائی تبدیلی کی کوشش کررہاہے اور وادی میں باہر سے لاکر ہندووں کی آباد کاری کے ذریعے مسلم اکثریت آبادی کو تبدیل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے جب کہ مقبوضہ وادی میں بسنے والے کشمیریوں کی زبردستی شناخت تبدیل کی جارہی ہے ۔
تحریری جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ وزیر خارجہ نے بھی مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی طرف توجہ مبذول کرائی اور کشمیر کی صورتحال پر 27 اپریل 2017 کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو تفصیلی خط لکھا جب کہ خط کو 18 مئی 2017 کو سیکورٹی کونسل کی سرکاری دستاویز کے طور پر تقسیم کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ رضاربانی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزارت خارجہ نے مختلف ممالک میں امن مشنز میں تعینات پاکستان کی مسلح افواج کی تفصیلات پیش کیں جس کے مطابق دنیا کے 7 ممالک میں 7123 پاکستانی امن دستے تعینات ہیں۔