فیصل آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ غزہ پر حکومت نے جماعت اسلامی کی تجویز پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایس سی او اجلاس میں فلسطین پر ایک مضبوط موقف اپنایا جانا چاہیے، اور بھارت کو اسرائیل کی حمایت پر تنہائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہو یا کوئی اور سیاسی جماعت، آئینی حدود میں رہ کر اپنی آواز اٹھانے کا حق سب کو حاصل ہے۔
جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پرامن احتجاج کیا اور پی ٹی آئی کے حق میں بھی آواز اٹھائی۔ پختون کارکنان پر ہونے والے تشدد کی بھی سب سے پہلے جماعت اسلامی نے مذمت کی۔
حافظ نعیم الرحمان نے آئینی ترامیم کے معاملے پر کہا کہ پی ٹی آئی، جے یو آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کو مجوزہ ترامیم کو مکمل طور پر مسترد کرنا چاہیے، اور اس معاملے پر بحث چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہو سکتی ہے۔
فیصل آباد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ شہر ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، لیکن تاجروں کے مسائل حل نہ ہونے کے باوجود جماعت اسلامی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔