کراچی :ضمنی انتخابات کی تیاریاں تکمیلی مراحل میں داخل ہوگئیں ۔16 اکتوبر کو صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک پولنگ کا عمل جاری رہےگا ۔
الیکشن کمشن کے مطابق حلقہ این اے 237 ملیر میں پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 194 ہے جن میں 748 پولنگ بوتھ ہونگے، 112 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے 190 پولنگ اسٹیشن مشترکہ ہیں جبکہ دو ، دو علیحدہ پولنگ اسٹیشن مرد اور خواتین کے لئے بنائے گئے ہیں۔
الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ ملیر کے حلقہ این اے 237 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد دو لاکھ 94 ہزار 699 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 913 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 786 ہے ، حلقے میں 11 امیدوار مدمقابل ہونگے۔
دوسری جانب حلقہ این اے 239 کورنگی میں ووٹروں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار 888 ہے جن میں مرد ووٹرز 3 لاکھ 10ہزار 704 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 7ہزار 184 ہے ، مجموعی طور پر 330 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں 220پولنگ اسٹیشن مشترکہ ہیں جن میں سے 55پولنگ اسٹیشن خواتین کیلئے اور 55 پولنگ اسٹیشن مرد وں کیلئے بنائے گئے ہیں ، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 257 جبکہ 73 پولنگ اسٹیشن حساس ہیں ۔حلقہ این اے239 میں 22 امیدوار مد مقابل ہونگے ۔