این سی اوسی نے ملک بھرمیں ہفتہ وارایک دن کی لازمی بندش ختم کر دی

07:04 PM, 15 Oct, 2021

 اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے ملک میں وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہفتہ وار ایک دن کی لازمی بندش کو ختم کر دیا ہے اور ویکسین کرانے والے افراد کے لیے سینما اور مزارات کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

این سی او سی سے جاری بیان کے مطابق فورم کے اجلاس میں اضلاع کی مکمل ویکسینیشن کی سطح کے تناسب اور ملک میں بیماری کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور وبا کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی کو دیکھتے ہوئے پابندیوں میں مزید نرمی کی گئی ہے اس حوالے سے بتایا گیا کہا کم بیماری کے پھیلاؤ اور جاری ویکسینیشن مہم کے تناظر میں فورم نے ملک بھر میں ہفتہ وار ایک دن کی لازمی بندش کو ختم کر دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این پی آئیز کا نفاذ 16 سے 31 اکتوبر تک جاری رہے گا اور 28 اکتوبر کو این سی او سی کے اجلاس میں موجودہ این پی آئیز پر نظر ثانی کی جائے گی اس حوالے سے ان ڈور شادی کی تقریبات میں شرکا کی تعداد بڑھا کر 200 سے 300 کردی گئی ہے جبکہ آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات میں شرکا کی تعداد 400 سے بڑھا کر 500 کردی گئی ہے۔این سی او سی نے سینما اور مزارات کو بھی مکمل ویکسین شدہ افراد کے لیے کھول دیا ہے۔

فورم نے اس امر پہ زور دیا کہ عوام کو ویکسینیشن کے عمل کو قومی فریضے کے طور پر اپنانا ہو گا،دریں اثنا وفاقی منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے شہریوں پر ویکسین لگوانے پر زور دیا ہے۔گیلپ پاکستان کی جانب سے کئے گئے ایک سروے کے نتائج شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سروے کے مطابق 86 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ ملک جلد ہی وائرس پر قابو پا سکتا ہے، ہم قوم کے تہہ دل سے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہم پر اعتماد کیا لیکن یہ صرف اس صورت میں ممکن ہوگا جب لوگوں کو جلد سے جلد ویکسین لگائی جائے بصورت دیگر موسم سرما میں وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ موجود ہے۔

مزیدخبریں