لاہور: گریٹر اقبال پارک میں دست درازی کے معاملے پر آڈیو اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اب ایک اور آڈیو سامنے آگئی ہے جس میں ریمبو کی جانب سے عائشہ اکرم کو مبینہ طور پر مینار پاکستان پہنچنے کے لئے کہا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سامنے آنے والی آڈیو میں ریمبو عائشہ کو گریٹر اقبال پارک میں آنے پر زور دیتے ہوئے کہتا ہے کہ آپ 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک آؤ، آپ کی ویلیو میں اضافہ ہو گا اور آپ کوپتہ چلے گا کہ آپ کسی جگہ پر آئی ہوئی ہو جبکہ وہاں سکیورٹی کا مسئلہ نہیں ہو گا اور سرکاری سکیورٹی ہو گی۔
آڈیو میں ریمبو کہتا ہے کہ آپ نے فراک پہن کر آنا ہے جس پر عائشہ جواب دیتی ہے کہ میری آپ نے جو پہلے عزت بنائی ہے اسکا مجھے پتہ ہے اور میں 14 اگست کی مناسبت سے کپڑے پہن کر آؤں گی۔
دوسری جانب ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے عائشہ اکرم نے خصوصی ملاقات کی ہے جس میں عائشہ اکرم نے مرکزی ملزم ریمبو کی آڈیو ڈی آئی جی کو پیش کر دی۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ عائشہ اکرم نے پولیس کی مدد کر کے حقیقت سے پردہ اٹھایا ہے، عائشہ سے زیادتی ہوئی اور اس نے خود ایسا کوئی کام نہیں کیا کہ اس کو شامل تفتیش کیا جائے جبکہ پلان کرنے والے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
یاد رہے کہ عائشہ اکرم نے اپنے ساتھ پیش آنے والے شرم ناک واقعے سے متعلق ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کو تحریری بیان جمع کراویا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ گریٹر اقبال پارک جانے کا پلان ریمبو نے ہی بنایا تھا۔
عائشہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ریمبو بلیک میل کرکے 10لاکھ روپے لے چکا ہے، میں اپنی تنخواہ میں سے آدھے پیسے ریمبو کو دیتی تھی، ریمبو ساتھی بادشاہ کے ساتھ مل کر ٹک ٹاک گینگ چلاتا ہے۔
خیال رہے کہ 14 اگست کے روز مینار پاکستان پر عائشہ اکرم کو وہاں موجود 400 افراد کی جانب سے تشدد اور جنسی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔