اسلام آباد : پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے کنوینر نور عالم خان نے کمیٹی کی جانب سے نیب کو بھیجے گئے کیسز پر کارروائی نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پک اینڈ چوز والا کام نہیں چلے گا، صرف سیاستدانوں کو پکڑنے سے معاملات بہتر نہیں ہونگے، نیب اپنا کام نہیں کررہا۔ نیب کو 2019 میں آئی پی پیز کا معاملہ بھیجا اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے کنوینر نور عالم خان کی زیر صدارت ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کمیٹی میں آتے نہیں اگر وہ کمیٹی میں آتے ہیں تو ان کی کوئی بے عزتی نہیں ہوگی۔ پاور ڈویژن کے حوالے سے آڈٹ اعتراضات کے جائزہ کے موقع پر وزارت قانون و انصاف اور ایف آئی اے حکام وقت پر نہ پہنچ سکے جس پر کنوینر کمیٹی نور عالم خان نے انہیں وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ یہ نہیں ہونا چاہیے۔
ممبر کمیٹی نوید قمر نے سیکرٹری توانائی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بجلی بل دیتے ہیں آپ فیڈر بند کرکے ان کی بجلی بھی کاٹ دیتے ہیں آگر آپ نے کام کرنا ہے تو ان کی بجلی کاٹیں جو چوری کرتے ہیں، آپ آرام پسند لوگ ہیں آرام سے سب کی بجلی بند کر دیتے ہیں ۔
کنوینر کمیٹی نور عالم خان نے کہا آپ بجلی دینگے تو تب ہی لوگ بل دینگے ۔ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے آپ نے کچھ بھی نہیں کیا ۔ حالات دیکھ کے بڑا افسوس ہوتا ہے۔
سیکرٹری توانائی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ فیڈر بیسڈ لوڈشیڈنگ سے انفرادی لوڈشیڈنگ پہ جائیں اور لوگوں کے مسائل حل کریں ۔ کنوینر کمیٹی نے سیکرٹری توانائی کو ہدایت کی کہ اوور بلنگ کے معاملات پر ہر گاؤں میں کچہری ہونی چاہیے تاکہ اوور بلنگ کے مسائل حل ہوسکیں جس پر سیکرٹری توانائی نے کمیٹی کو مختلف مقامات پر کچہریاں کرنے کی یقین دہانی کرادی۔