یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا: شہباز شریف

02:28 PM, 15 Oct, 2021

لاہور: اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے بجلی ، پٹرول اور ٹیکس میں اضافہ کو منی بجٹ قرار دے دیا ، کہا یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی ، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ بجٹ تقریر میں جو کچھ کہا وہ سچ اور حکومت جھوٹی ثابت ہوگئی ۔ ثابت ہوگیا کہ حکومت نے بجٹ کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا ، یہ حکومت چلے گی تو معیشت نہیں چلے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس چھوٹ والی اشیاء پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگانے ، پٹرول ، بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام اور معیشت کے خلاف دہشت گردی ہے ۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے بجلی 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظور دی ۔ وزارت توانائی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی سمری کابینہ کو بھجوائی تھی ۔

دوسری جانب ، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دس روپے فی لیٹر تک اضافے کی سمری تیار کرنے کے بعد پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے ۔

ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت فی لیٹر 5 روپے 90 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 75 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کی تجویز دی گئی ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی مشاورت سے کیا جائے گا ۔ نئی قیمتوں کا اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا ۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی وجوہات عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت بڑھنا ہے ۔

مزیدخبریں