گرانٹ بریڈبرن نے ہائی پرفارمنس کوچنگ کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ دیا

02:18 PM, 15 Oct, 2021

لاہور: گرانٹ بریڈ برن نے ہائی پرفارمنس کوچنگ کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ بھرپور تجربہ اور مواقع فراہم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مشکور ہوں۔ 
تفصیل کے مطابق گرانٹ بریڈ برن نے ستمبر 2018ءسے جون 2020ءتک قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے کام کیا اور پھر ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا عہدہ سنبھالا اور اب وہ اپنے عہدے سے دستبردار ہو گئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ میرے لئے اپنی فیملی کو ترجیح دینے اور کوچنگ کے نئے مواقع تلاش کرنے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک غیرملکی کی حیثیت سے پی سی بی کے موجودہ اور سابقہ ملازمین، کھلاڑیوں اور آفیشلز نے میرے ساتھ بہت تعاون کیا اور میں نے اپنے دور ملازمت کے دوران ہمیشہ یہاں خود کو محفوظ تصور کیا۔ پاکستان میں کام کے دوران مختلف چیلنجز سے نمٹنے پر فخر ہے اور میں بھرپور تجربہ اور مواقع فراہم کرنے پر پی سی بی کا مشکور ہوں۔ 
گرانٹ بریڈبرن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے دوران میری اہلیہ اور تینوں بچوں نے بھی بہت قربانیاں دیں۔ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث پاکستان کا سفر کرنا مشکل ہو گیا تھا لیکن وہ مشکل وقت بھی گر گیا، میں سمجھتا ہوں کہ اب میرے لئے اپنی فیملی کو ترجیح دینے اور کوچنگ کے نئے مواقع تلاش کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ 
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے گرانٹ بریڈبرن کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مکمل دلجمعی، ایمانداری اور لگن کیساتھ پاکستان کرکٹ کی خدمت کی ہے اور اپنے دور ملازمت کے دوران انہوں نے مختلف تجاویز بھی پیش کیں جو پاکستان کرکٹ کیلئے بہترین ثابت ہوئیں، پی سی بی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کی تعمیر نو میں اہم کردار کرنے سمیت پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کرنے پر گرانٹ بریڈ برن کا معترف ہے۔ 

مزیدخبریں