کسان کو فصل کی پوری قیمت وصول کرانا میرا عزم تھا: عمران خان

Kisan portal, PM Imran Khan, farmer, Pakistan, PTI government, Opening ceremony

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری کوشش تھی چھوٹے کسانوں کی مسلسل مدد کریں ، کسان کو فصل کی پوری قیمت وصول کرانا میرا عزم تھا ۔

کسان پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چھوٹے کسان کی مدد کرنا میرا ویژن ہے ۔ محنت کش طبقے کی مدد کرنے سے اللہ خوش ہوتا ہے ۔ محنت کش اور مزدور کی آواز اللہ خصوصی طور پر سنتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں اکثریت چھوٹے کسان کی ہے ۔ کسان سارا سال محنت کرتا ہے ۔ چھوٹا کسان خوشحال ہو گا تو پیسہ بیرون ملک لیکر نہیں جائے گا ۔ چھوٹا کسان خوشحال ہو گا تو لندن میں فلیٹ نہیں لے گا ۔

عمران خان نے کہا کہ کسان کو گنے کی کم قیمت ملتی تھی ، کسان شوگر ملز کے باہر لائنوں میں کھڑے رہتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش اور مزدور کی آواز ظالم اور طاقتور کے سامنے دب جاتی ہے ۔ چھوٹا کسان دونوں طرف سے مار کھاتا تھا ۔ ہماری پارٹی نے ہمیشہ انصاف کیلئے تحریک چلائی ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کاشتکاری کیلئے ہمارے ملک میں وافر زمین موجود ہے ۔ کاشتکاری کیلئے پاکستان میں پانی ذخیرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ، خیبرپختونخوا ، کشمیر ، گلگت بلتستان میں ہر گھرانے کو صحت کارڈ دیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کاشتکاروں کیلئے کسان پورٹل کا اجرا کر دیا ہے ۔