وفاقی کابینہ نے بجلی مزید 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی

11:53 AM, 15 Oct, 2021

اسلام آباد: مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو بجلی کا جھٹکا ، وفاقی کابینہ نے بجلی مزید 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ۔

تفصیلات کے مطابق ، کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظور دی ۔ وزارت توانائی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی سمری کابینہ کو بھجوائی تھی ۔

دوسری جانب ، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دس روپے فی لیٹر تک اضافے کی سمری تیار کرنے کے بعد پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے ۔

ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت فی لیٹر 5 روپے 90 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 75 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کی تجویز دی گئی ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی مشاورت سے کیا جائے گا ۔ نئی قیمتوں کا اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا ۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی وجوہات عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت بڑھنا ہے ۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا ۔ پٹرول کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 82 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا ۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 127.30 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 122.4، مٹی کا تیل 99.31 اور لائٹ ڈیزل 99.51 روپے فی لیٹر ہو گیا تھا ۔

مزیدخبریں